ریڈلائن بی آرٹی منصوبہ میںمزید تاخیر سے بچنے کی کوشش کی جائے‘شرجیل

20

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ایک مرتبہ پھر ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبہ ٹائم لائن سے پہلے مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبہ کراچی کے لیے گیم چینجر ہے، ہمیں ہر حال میں اس کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانا ہوگا، ریڈ لائن بی آر ٹی سندھ حکومت کے لیے اولین ترجیح ہے،ریڈ لائن بی آر ٹی پر شب و روز کام جاری ہے، کام میں تیزی لائی جائے اور عوامی منصوبہ ٹائم لائن سے پہلے مکمل کیا جائے، ریڈ لائن بی آر ٹی کا مقصد ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنا اور لاکھوں کراچی والوں کے لیے ایک پائیدار، قابل اعتماد ٹرانسپورٹ کا حل فراہم کرنا ہے۔ سندھ کے سینئر وزیرشرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے پر محکمہ ٹرانسپورٹ اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کا ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس کراچی میں ہوا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز تعمیراتی کام کو تیز کرنے کے لیے ٹھوس کوششیں کریں اور تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹ کے علاقے میں جاری ترقیاتی کاموں کی تکمیل کو تیز کرنے کے لیے ہوائی اڈے کے حکام کے ساتھ بات چیت کو تیز کیا جائے، مزید تاخیر سے بچنے کے لیے درپیش تمام مسائل کو ایک ہفتے کے اندر حل کیا جانا چاہیے۔