اسلام آباد: چینی وزیراعظم لی چیانگ چار روزہ دورے پر راولپنڈی پہنچ گئے، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ یہ دورہ شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ہو رہا ہے، جس میں چینی وزیراعظم پاکستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
چینی وزیراعظم کو وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کرنے کا اعزاز حاصل ہوا، اور وہ 14 سے 17 اکتوبر تک پاکستان میں قیام کریں گے۔ وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کے تحت تعاون پر جامع بات چیت ہوگی۔
پاکستان آمد کے بعد اپنے بیان میں چینی وزیراعظم لی چیانگ نے کہا کہ پاکستانی عوام کی گرم جوشی اور برادرانہ دوستی نے مجھے بے حد متاثر کیا ہے۔” انہوں نے چینی حکومت اور عوام کی جانب سے پاکستانی عوام کو دلی سلام اور نیک خواہشات پہنچائیں۔
لی چیانگ نے کہا کہ پاکستان ایک اہم ترقی پذیر ملک، ابھرتی ہوئی معیشت اور بڑا مسلم ملک ہے۔ انہوں نے پاکستان کو چین کا ہر موسم کا تزویراتی شراکت دار اور “آہنی دوست” قرار دیا۔
چینی وزیراعظم نے مزید کہا کہ “چین اس وقت اعلیٰ معیار کی ترقی کے ذریعے اپنی اصلاحات اور جدیدیت کو فروغ دے رہا ہے، جبکہ پاکستان بھی اپنی ترقی کے سفر میں گامزن ہے۔”
وزارت خارجہ کے مطابق اس دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور چینی وزیراعظم لی چیانگ اپنی اپنی ٹیموں کے ساتھ ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کریں گے، جن میں CPEC سمیت اقتصادی اور تجارتی تعاون بھی شامل ہے۔