گیٹیکس گلوبل 2024: پاکستانی اسٹارٹ اپس کا عالمی میدان میں داخلہ

162

دبئی میں دنیا کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی اور اسٹارٹ اپ نمائش گیٹیکس گلوبل 2024 کا آغاز ہوگیا ہے، جس میں پاکستان کے انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) اور اسٹارٹ اپس کو عالمی سطح پر نمایاں طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔

اس کے ساتھ نارتھ اسٹار اسٹارٹ اپ شو بھی ہو رہا ہے، جس میں پاکستان کی دس بڑی اسٹارٹ اپس اور انکیوبیٹرز شرکت کر رہے ہیں۔ پاکستانی اسٹارٹ اپس کو مشرق وسطیٰ، سعودی عرب اور دیگر ممالک سے مثبت ردعمل مل رہا ہے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کا ٹیکنالوجی سیکٹر بین الاقوامی طور پر اپنی پہچان بنا رہا ہے۔

اس سال گیٹیکس گلوبل میں 80 پاکستانی کمپنیاں اور اسٹارٹ اپس حصہ لے رہی ہیں، جو اپنی خدمات اور مصنوعات پیش کر رہی ہیں۔ شرکاء کو امید ہے کہ اس شرکت سے پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوگا اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کو متوجہ کیا جا سکے گا۔

وفاقی وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے تحت “اگنائٹ” پروگرام کے ذریعے دس پاکستانی اسٹارٹ اپس گیٹیکس 2024 میں صحت، ایرو اسپیس، توانائی، گیمنگ، سفری ٹیکنالوجی اور اسمارٹ شہروں کے شعبوں میں جدید حل پیش کر رہے ہیں۔ ان کا مقصد عالمی سرمایہ کاروں، شراکت داروں اور ٹیکنالوجی کے شوقین افراد کو اپنی منفرد خدمات سے متاثر کرنا ہے۔

اگنائٹ کے سی ای او عدیل اعجاز شاہ نے کہا کہ یہ پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری اور اسٹارٹ اپس کے لیے ایک سنہری موقع ہے، جس سے نہ صرف عالمی سرمایہ کاری حاصل کی جا سکتی ہے بلکہ بین الاقوامی شراکت داری کے ذریعے ترقی کی نئی راہیں بھی کھلیں گی۔