فلسطین میں صہیونی مظالم پر دنیا بھر میں احتجاج ،غزہ میں مزید 60 شہید

218

غزہ /تل ابیب /دوحا / بیروت /واشنگٹن /قاہرہ /نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک /صباح نیوز) فلسطین میں صہیونی مظالم پر دنیا بھر میں احتجاج کیا جبکہ صہیونی حملوں کے باعث لبنان اور غزہ میں 24گھنٹے کے دوران مزید 60 افراد شہید ہوگئے۔ لبنان کے جنوبی علاقے میں اسرائیلی فوج نے مذہبی آزادی اور بین الااقوامی جنگی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک مسجد کو نشانہ بنایا۔ لبنان کے سرکاری میڈیا کے مطابق جنوبی علاقے کے گائوں تبنیت میں اسرائیلی فوج نے بم برسائے جس میں ایک پرانی مسجد مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ ادھر اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ جنوبی لبنان میں 2 الگ الگ واقعات میں حزب اللہ کے ٹینک شکن میزائل لگنے سے 2 فوجی شدید زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب وسطی اور شمالی غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 29 افراد شہید ہوئے۔ غزہ میں محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ایک اندازے کے مطابق 150 فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔ دوسری جانب جنوبی لبنان میں حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اتوار کی علی الصبح رمیہ گائوں میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ ان کی شدید جھڑپ ہوئی ہے۔ لبنان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 10 گھنٹے کے دوران دیر بیلا، المائسرا اور برجا پر اسرائیل کے 3 حملوں میں 15 افراد شہید ہوئے۔ اسرائیلی دفاعی افواج کی جانب سے سامنے آنے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حزب اللہ نے ہفتے کو لبنان سے اسرائیل پر تقریباً 320 میزائل داغے گئے۔اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے جمہوریہ نکاراگوا کی حکومت کی طرف سے غزہ کی پٹی میں وحشیانہ قتل عام کے خلاف غاصب حکومت کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے ۔ قطر کے دارالحکومت میں مقیم حماس کے عہدیداروں نے کہا کہ انہیں7 اکتوبر کے آپریشن کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں تھی‘ غزہ میں مقیم حماس کا عسکری ونگ آپریشن کی منصوبہ بندی، فیصلہ کرنے اور اس کا حکم دینے کا ذمہ دار تھا‘ 7 اکتوبر کے اسرائیل پر حملے کو جزوی یا مکمل طور پر ایران یا حزب اللہ سے جوڑنا غلط اور من گھڑت ہے۔ بھارت نے اسرائیلی حکومت کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش پر ملک میں داخلے پر عاید پابندی کی مذمت پر مبنی خط پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ سحر نیوز کے مطابق اقوام متحدہ کے 105 رکن ممالک نے یو این سیکرٹری جنرل کی بھرپور حمایت میں تحریر کردہ اس خط پر دستخط کیے ہیں۔ ان ممالک نے انتونیو گوتریش کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دینے اور ان کے اسرائیل میں داخلے پر پابندی کے اسرائیلی حکومت کے فیصلے پر گہری تشویش کا بھی اظہار کیا۔ اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے لبنان میں تعینات اقوام متحدہ کی امن فوج یونی فِل کو لبنان سے نکالنے کا مطالبہ کردیا۔ اپنے وڈیو بیان میں نیتن یاہو نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انتونیو گوتریس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یونی فل افواج کو فوری لبنان کی سرحد سے ہٹایا جائے‘ یونی فل افواج حزب اللہ کو انسانی ڈھال مہیا کررہی ہیں۔غزہ میں ہونے والے اسرائیلی فوج کے مظالم پر دنیا بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ برطانیہ میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرہ کیا گیا جبکہ گلاسگو اور آئرلینڈ میں مظاہرین نے اسرائیل کے لیے فنڈنگ اور ہتھیاروں کی فراہمی روکنے کا مطالبہ بھی کیا۔ ادھر فرانس میں فلسطینیوں اور لبنانیوں سے اظہار یکجہتی کی گئی، پیرس میں سیکڑوں افراد غزہ اور لبنان میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف سڑکوں پر نکلے جبکہ سوئیڈن میں بھی فلسطین اور لبنان میں اسرائیل کے حملے رکوانے کے لیے احتجاج کیا گیا۔ دوسری جانب اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں بھی ہزاروں افراد نے نیتن یاہو حکومت کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی اور مظاہرین نے حکومت سے یرغمالیوں کی رہائی کے لیے فوری طور پر غزہ جنگ بندی معاہدہ کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ کا خطرہ موجود ہے‘ امریکا نے اسرائیل کو اینٹی میزائل ڈیفنس سسٹم دینے کا فیصلہ کیا ہے جو ٹرمینل ہائی ایلٹیٹیوڈ ایریا ڈیفنس” (ٹی ایچ اے اے ڈی) کہلاتا ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق امریکا تھاڈ اینٹی میزائل ڈیفنس سسٹم اسرائیل میں نصب کرے گا جو 150 سے 200 کلومیٹر کی رینج میں آنے والے میزائلوں کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ کم از کم 3 ہزار امریکی فوجی اسرائیل میں تعینات کئے جارہے ہیں۔غزہ کے27 میڈیکل طلبا اپنی تعلیم مکمل کرنے کے لیے پاکستان روانہ ہوگئے۔ مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی طلبہ کا پہلا گروپ پاکستان روانہ ہوگیا ہے‘ فلسطینی طلبہ جنگ زدہ غزہ کے192 فلسطینی میڈیکل طلبہ کے گروپ کا حصہ ہیں، یہ طلبہ پاکستان کے طبی اداروں میں میڈیکل اور ڈینٹل کی تعلیم جاری رکھیں گے۔