احتجاج موخر کرانے کیلئے حکومت متحرک ،فضل الرحمن کا پی ٹی آئی سے رابطہ

79

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) احتجاج مؤخرکرانے کی لیے حکومت متحرک ہوگئی‘ فضل الرحمن نے پی ٹی آئی سے رابطہ کرلیا۔ پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے پیش نظر 15 اکتوبر کو پارٹی کا احتجاج مؤخر کرنے کی اپیل کی ہے۔ اسد قیصر نے بیان میں کہا کہ مولانا فضل الرحمن سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا اور ان سے اسلام آباد میں احتجاج ملتوی کرنے اور آئینی ترامیم کے حوالے سے مشاورت کی۔انہوں نے کہا کہ مولانا صاحب نے شنگھائی کانفرنس کے تناظر میں 15 اکتوبر کا احتجاج مؤخر کرنے کی اپیل کی ہے اور انہوں نے عمران خان کو طبی سہولیات فراہم کرنے اور ان کے ذاتی معالج کو رسائی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اسد قیصر کا کہنا تھا کہ مولانا صاحب سے آئینی مسودے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی اور اس دوران انہوں نے جمعیت علمائے اسلام کا تیار کردہ آئینی مسودہ پیش کیا، جس میں اکثر نکات پر دونوں سیاسی جماعتوں میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مزید غور و فکر کے لیے 17 اکتوبر کو دونوں جماعتوں کا اجلاس منعقد ہوگا اور اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ مسودے کو حتمی شکل دی جائے گی، میں نے مولانا فضل الرحمان کو یقین دلایا ہے کہ ان کی تجاویز پارٹی کے سامنے پیش کروں گا اور مشاورت کے بعد انہیں پارٹی فیصلے سے آگاہ کیا جائے گا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ملکی مفاد میں 15 اکتوبر کو دی گئی احتجاج کی کال واپس لے، ایسے مواقع پر احتجاج کرنا اس جماعت کا وطیرہ رہا ہے۔ تاجر برادری اور تجزیہ کاروں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف کی قیادت سے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔