ایٹکو انتظامیہ محنت کشوں پر ظلم ڈھا رہی ہے‘ خالد خان

164

نیشنل لیبرفیڈریشن کراچی کے صدر خالد خان اور دیگر عہدیداران نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایٹکو لیبارٹریز لمیٹڈ اور ایٹکو ہیلتھ کئیر پرائیویٹ لمیٹڈ میں انتظامیہ محنت کشوں پر ظلم ڈھا رہی ہے اور مزدور حقوق پامال کیے جارہے ہیں۔ نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی محنت کشوں پر بے جاظلم وزیادتی کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ ان اداروں میں کام کرنے والے غریب محنت کش تمام قانونی حقوق سے محروم ہے۔ ان اداروں میں ٹھیکیداری جیساظالمانہ نظام مسلط ہے جو محنت کشوں کا استحصال کر رہا ہے۔ ٹھیکیداری نظام کے خلاف ڈائریکٹرجنرل لیبرسندھ کوکئی خطوط ارسال کرچکے ہیں اورسیکرٹری لیبر، ریجنل ڈائریکٹری ویسٹ کوبھی اس ظلم کے خلاف آگاہ کرچکے ہیں مگرافسوس کے ساتھ کہنا پڑرہاہے کہ سرکاری اداروں کی جانب سے ایٹکو لیبارٹریز لمیٹڈ اورایٹکو ہیلتھ کئیر پرائیویٹ لمیٹڈ کے خلاف کوئی قانونی کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے۔ یونین کے عہدیداران اورممبران کا گیٹ بندکردیا اور ان کی تنخواہیں بھی بند کردی ہیں۔ انتظامیہ کھلم کھلا غنڈا گردی اور دہشت گردی کررہی ہے اور محنت کشوں کوجوکہ کئی سالوں سے ایٹکو لیبارٹریز لمیٹڈ میں کام کر رہے ہیںان کو بغیرکسی وجہ کے نوکریوں سے نکالاجارہاہے۔ جبکہ یونین نے اپنے حق کے لیے لیبرکورٹ کا راستہ اختیار کیا ہواہے اور لیبر کورٹ 3 نمبر سے اسٹے چل رہاہے۔ NLFرہنمائوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، محکمہ محنت سیکرٹری لیبرسندھ، ڈائریکٹر لیبر سندھ اورجوائنٹ ڈائر یکٹر لیبرسے بھی اپیل کی وہ ا یٹکو لیبارٹریز لمیٹڈ اور ایٹکو ہیلتھ کئیر پرائیویٹ لمیٹڈ کے محنت کشوں کے ساتھ ہونے والی ظلم وزیادتی کا فوری طورپر نوٹس لیں اور ایٹکو لیبارٹریز لمیٹڈ اور ایٹکو ہیلتھ کئیر پرائیویٹ لمیٹڈ میں لیبرقوانین پر سختی سے عمل درآمد کیاجائے۔ بصورت دیگر نیشنل لیبرفیڈریشن کراچی لائحہ عمل طے کرکے ایک بھرپور احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔