اسٹاراکیڈمی جدہ: میمن برادری کے بچوں اورجوانوں کیلئے فٹبال ٹورنامنٹ

263
اسٹاراکیڈمی جدہ: میمن برادری کے بچوں اورجوانوں کیلئے فٹبال ٹورنامنٹ

میمن یوتھ ڈویلپمنٹ فورم (ایم وائی ڈی ایف) نے میمن لیڈر شپ فورم ( ایم ایل ایف) کے مشترکہ تعاون سے میمن برادری کے بچوں اور نوجوانوں کیلئے فٹبال ٹورنامنٹ کے ساتویں ایڈیشن کا انعقاد جدہ سعودی عرب کے اسٹار اکیڈمی میں کیا گیا۔ جس میں میمن کمیونٹی کی جونئرز اور سینئرز کی ٹیم گولڈن اور ٹیم بلیو نے حصہ لیا۔
جونئرز کی ٹیم گولڈن اپنے کپتان عبدالرحمن داوا والا کی قیادت میں زبردست تیاری کے ساتھ میدان میں اتری۔ ٹیم بلیو کے کپتان عمار سلیم بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ پر جوش دکھائی دئیے۔ لیگ راؤنڈ کا مقابلہ 1۔1 میچ کی جیت سے برابر رہا تاہم فیصلہ کن راؤنڈ میں ٹیم بلیو اپنی مخالف ٹیم کو پینلٹی شاٹس میں شکست دے کر ساتویں فٹبال ایڈیشن کی فاتح قرار پائی۔ عمار وسیم، علی خالد اور ولید طارق نے اپنی ٹیم کی جیت میں نمایاں کردار ادا کیا۔ میچ کے ریفری محمد شاھد تھے۔
دوسری جانب سینئرز کی ٹیم بلیو اپنے کپتان عبدالقادر تیلی اور ٹیم گولڈن عمران امین کی قیادت میں میدان میں اتری۔ دونوں ٹیموں کے درمیان شروعات سے ہی کانٹے کا مقابلہ رہا۔ دونوں میچز میں ٹیم گولڈن نے اپنے کھلاڑیوں طلحہ وسیم، محمد عثمان اور محمد ذکی کے عمدہ کھیل کی بدولت شروعات ہی سے برتری حاصل کی اور مخالف ٹیم پر ممکنہ دباؤ بنائے رکھا۔ ٹیم بلیو کے کھلاڑیوں اواب تیلی اور منیر سراج نے مخالف ٹیم کے گول پر کئی حملے کئے مگر گولڈن ٹیم کے عامر فاروق کی ماہرانہ گول کیپنگ کی بدولت برتری حاصل نہ کرسکے اور ٹورنامنٹ کے دونوں میچز جیت کر ٹرافی اپنے نام کی۔ میچ ریفری کے فرائض عاقل تیلی نے انجام دئیے۔
ٹورنامنٹ کے اختتام پر سراج آدمجی نے ایم وائی ڈی ایف اور ایم ایل ایف کے ممبران کا تعارف کرایا اور میمن بچوں اور نوجوانوں کی جسمانی تربیت کے اس اقدام کو سراہا اور مزید بتایا کہ دونوں تنظیمیں آئندہ بھی اسی طرح کی معیاری سرگرمیوں کا انعقاد کرے گی۔
میمن ویلفیئر سوسائٹی-ماسا کے صدر جناب وسیم عبدالرزاق تائی، پیٹرن یوسف لطیف، خالد تنوما، احمد کمال مکی اور مولانا شاکر نے خصوصی طور پر شرکت کی اور ایم وائی ڈی ایف اور ایم ایل ایف کو اس ٹورنامنٹ کو منعقد کرانے پر مبارکباد پیش کی۔ یونائیٹڈ جرنلسٹ فورم کے صدر جہانگیر خان سمیت دیگر نشریاتی چینلز کے مختلف عہدیداران نے بھی اس ٹورنامنٹ کی میڈیا کوریج کیلئے خصوصی طور پر شرکت کی۔ مہمانان اور میڈیا شخصیات نے سینئرز اور جونئرز کی دونوں ٹیموں کو میڈلز پہنائے اور فاتح ٹیم گولڈن سینئرز اور ٹیم بلیو جونئرز کے کپتانوں کو وننگ ٹرافی پیش کی۔ بعد ازاں بریانی ہاؤس کی جانب سے تمام کھلاڑیوں اور مہمانان کیلئے عشائیہ کا بھی انتظام کیا گیا۔