عمران ٹیسوری پی جی جے ٹی ای اے کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب

105

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سونے اور زیورات کی صنعت کی ممتاز شخصیت عمران ٹیسوری پاکستان جیمز اینڈ جیولری ٹریڈرز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی جی جے ٹی ای اے) کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں۔ عمران ٹیسوری نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ انڈسٹری کو درپیش چیلنجز کے حل اور ترقی کے لیے بھرپور کام کریں گے، خاص طور پر پاکستان سے زیورات کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کرنے پر توجہ دینگے عمران ٹیسوری نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی سونے کے زیورات کی برآمدات 12ملین امریکی ڈالر تک پہنچ چکی ہیں، ہمارا ہدف ہے کہ اس رقم کو 5 ارب امریکی ڈالر تک بڑھایا جائے، بشرطیکہ حکومت ضروری اصلاحات، خاص طور پر ایس آر او 760 میں برآمد کنندگان کی ضروریات کے مطابق تبدیلیاں کرے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان تبدیلیوں کی تفصیلات پر مبنی ایک تجویز متعلقہ وزارت کو جمع کروا دی گئی ہے اور اگرچہ متعلقہ اداروں کے ساتھ ملاقاتیں ہو چکی ہیںلیکن ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔عمران ٹیسوری نے وعدہ کیا کہ اپنے دور میں وہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلیں گے اور انڈسٹری کو درپیش مسائل کو حل کرینگے۔