جامعہ کشمیر کو گرانٹ کی فراہمی پر وزیراعظم کے مشکور ہیں‘ اے آئی اے

56

 

مظفر آباد(صباح نیوز)آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کی صدر پروفیسر ڈاکٹر نازنین حبیب اور ایڈمنسٹریٹو اسٹاف ایسوسی ایشن کے صدر اسرار سعید قادری نے ایک مشترکہ بیان میں حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے جامعہ کشمیر کو گرانٹ کی
فراہمی پر وزیراعظم چودھری انوار الحق،سیکرٹری ہائر ایجوکیشن سیکرٹری مالیات اور محکمہ فنانس کے حکام سے اظہار تشکر کیا ہے۔ ایسوسی ایشنز کے دونوں صدور نے جامعہ کشمیر کی مالی مشکلات سے متعلق کہا کہ آزاد کشمیر کی جامعات طویل عرصے سے مالی بحران کا شکار ہیں اور انتہائی مشکل صورت حال میں تدریسی امور بحال رکھے ہوئے ہیں۔اس مالی بحران سے آزاد کشمیر یونیورسٹی مظفرآباد سب سے ذیادہ متاثر ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے مالی بحران کے خاتمے کے لیے حکومت آزاد کشمیر سے تعاون اور جامعہ کشمیر کے لیے گرانٹ کے حصول کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھی ہوئی تھیں۔اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ جامعہ کشمیر کے وائس چانسلر اکیڈمک اور ایڈمنسٹریٹو سٹاف ایسوسی ایشن کی انتھک کوششوں کی بدولت وزیراعظم چودھری انوار الحق نے یونیورسٹی کو گرانٹ کی فراہمی کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی، جس کے ساتھ جامعہ کشمیر کے ڈائریکٹر فنانس پروفسیر ڈاکٹر خواجہ بشارت اور ان کی ٹیم نے جاں فشانی کا کام کیا اور جامعہ کی مکمل مالی پوزیشن کمیٹی کے سامنے رکھی۔ یونیورسٹی حکام کی انتھک محنت سے بالآخر حکومت آزاد کشمیر، وزیراعظم چودھری انوار الحق نے جامعہ کشمیر مظفرآباد کو گرانٹ فراہم کرنے کی اصولی منظوری دی ہے اور امید ہے کہ آئندہ چند دنوں میں حکومت کی جانب سے منظور شدہ گرانٹ جامعہ کشمیر کو منتقل کردی جائے گی۔ ایسوسی ایشنز کے دونوں صدور نے اس توقع کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر کی جامعات کے مالی بحران کے خاتمے کے لیے حکومت آزاد کشمیر کو پاکستان کے صوبوں کی طرز پر اقدامات اٹھانے ہوں گے اور ہر سال اپنے بجٹ میں ایک ریگولر گرانٹ آزاد کشمیر کی جامعات کے لیے مختص کرنا ہو گی۔