سکھر (نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما ممتاز حسین سہتو نے کہا ہے کہ ہمارے تمام مسائل و مشکلات کا سبب تعلیمات نبوی ﷺ سے روگردانی ہے، سیرت النبی ﷺکے مطابق پیروی ہی ہمارے تمام مسائل کا حل ہے۔ان خیالات کا کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے زیر اہتمام جامع مدنی مسجد گل بیگ گڈانی میرپور ماتھیلو میں سیرت النبی ﷺکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قیام پاکستان کا مقصد اسلامی نظام کا نفاذ تھا تاکہ ہم اپنے ملک میں تعلیمات نبوی کے مطابق نظام معیشت معاشرت عدالت، فلاحی معاشرے کا قیام عمل میں لاسکیں، لیکن بد قسمتی سے حکمرانوں نے اس عظیم مقصد کو پس پشت ڈال کر مملکت خداداد پاکستان کے قیام کے عظیم مقصد اور قربانیوں کو ضائع کر دیا، جماعت اسلامی اس مقصد کے حصول اور ایک ایسے معاشرے، طرز حکمرانی کیلیے کوشاں ہے جہاں عدل و انصاف کا بول بالا ہو، عوام اسلامی نظام کے فیوض و برکات سے فیضیاب ہوں۔ ممتاز سہتو نے کہا کہ سیرت النبیﷺ کے پروگرامات کے انعقاد کا مقصد یہ ہے کہ ہم بحیثیت مسلمان سیرت النبیﷺ سے آگاہ ہو کر اپنی زندگیاں نبی کریم ﷺکی تعلیمات اور احکام کے مطابق گزاریں، اپنے گھروں میں سنت نبوی کی پیروی کریں تب ہی آپ کو رحمتیں اور سکون ملے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں جب تک اسلامی نظام نہیں نافذ کیا جائیگا تب تک بے امنی ظلم و ستم مہنگائی جاری رہے گی، عوام اب جماعت اسلامی پاکستان کا ساتھ دیں تاکہ ملک نبی کریم ﷺ کی شریعت نافذ ہو سکے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی گھوٹکی کے شعبہ تعلقات عامہ کے صدر اور نامور ادیب اور ریٹائرڈ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر گھوٹکی سردار احمد تبسم گڈانی، سکندر علی کوسو اور اصغر علی میرانی سمیت علاقہ لوگوں نے شرکت کی۔