تعلیم ہی وہ روشن راستہ ہے جو پاکستان کو بحران سے نکال سکتا ہے، منعم ظفر خان

220
new direction to domestic politics

کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ تعلیم ہی وہ روشن راستہ ہے جو پاکستان کو بحران سے نکال سکتا ہے،اسلامی جمعیت طلبہ اورٹیکنو فاسٹ کے آرگنائزر مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے طلبہ و طالبات کو اپنا ہنر پیش کرنے کے لیے مواقع فراہم کیے۔

اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے تحت ٹیکنوفیسٹ پاکستان کے دوسرے اور آخری روز  افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے

منعم ظفر خان نے کہا کہ ،جماعت اسلامی تعلیمی پروجیکٹس کے حوالے سے آپ کے ساتھ ہے،یہی ویژن امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے پیش کیا تھا، انہوں نے شہر کراچی کے نوجوانوں کو آگے بڑھانے کے لیے بنوقابل پروجیکٹ پیش کیا تھا جس میں ہزارو ں طلبہ اس قابل ہوچکے ہیں جو ماہانہ لاکھوں روپے کمارہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ  سیاسی ناہمواریاں، معاشی تفاوت سے وطن عزیز گزررہا ہے، پاکستان آبادی کے لحاظ سے 5بڑے ممالک میں شامل ہے، پاکستان میں بسنے والے نوجوانوں کی تعداد باقی ممالک سے زیادہ ہے، پاکستان کی آبادی کا 65فیصد طبقہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، یوتھ کے حوالے سے منصوبہ بندی کرنے اور آگے بڑھانے کے لیے الخدمت بنوقابل کے تحت فری آئی ٹی کورسز کروائے جارہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ   ہم اس وقت آئی ٹی کی فیلڈ میں بہت پیچھے ہیں، ہمارا پڑوسی ملک بھارت کی صرف آئی ٹی سیکٹر میں ایکسپورٹ 193بلین ڈالر ہے اور پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر میں ایکسپورٹ صرف 3بلین ڈالر ہے، اس صورتحال میں ہمیں اپنے نوجوانوں کو آئی ٹی کے میدان میں آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔