ایس سی او کانفرنس پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی: عطا اللہ تارڑ

169

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی، معاشی اور علاقائی روابط کو فروغ ملے گا۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی تیاریوں کے حوالے سے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےعطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ایس سی او کے لئے اسلام آباد کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے، پاکستان اہم ایونٹ ایس سی او کی میزبانی کرنے جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کانفرنس علاقائی تعاون کے حوالے سے اہم فورم ہے، اس سے معاشی اورعلاقائی روابط کو فروغ ملے گا، ایس سی او سمٹ کی سائیڈ لائن پر سربراہان مملکت کی دوطرفہ ملاقاتیں بھی ہوں گی، پاکستان خطے میں تجارت اور امن کے فروغ کیلئے پرعزم ہے، تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے آزادانہ پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر ابھر رہا ہے، ملائیشیا کے وزیراعظم کا کامیاب دورہ رہا، دورے میں دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری اور تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا، ملائیشیا کے وزیراعظم نے پاکستانی برآمدات بڑھانے کا یقین دلایا، چاول، حلال گوشت سمیت برآمدات سے دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی وزیر سرمایہ کاری کی سربراہی میں وفد نے پاکستان کا کامیاب دورہ کیا، سعودی فرمانروا شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کے ساتھ تجارت بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی، سعودی عرب کے ساتھ 2.2 ارب ڈالر کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے ہیں۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کم ہو کر 6.9 فیصد پر آگئی ہے، تجارتی خسارے میں مسلسل کمی آئی ہے جبکہ ہماری برآمدات میں 14 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف کا دورہ تاجکستان انتہائی مفید رہا، چینی وزیراعظم کا دورہ پاکستان سی پیک کے حوالے سے گیم چینجر ثابت ہوگا، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں اچھی پیشرفت ہو رہی ہے۔