کورنگی میں خاتون نے لفٹ لینے کے بہانے شہری کو لوٹ لیا

150

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) کورنگی میں خاتون نے لفٹ لینے کے بہانے موٹرسائیکل سوار کو اسلحے کے زور پر لوٹ کر ساتھیوں سمیت فرار ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق متاثرہ شہری حذیفہ نے عوامی کالونی تھانے میں درخواست جمع کرائی جس میں اس نے بتایا کہ فیکٹری سے گھر آتے ہوئے کورنگی سنگر چورنگی پر کھڑی خاتون نے مجھے روک کر لفٹ مانگی ۔درخواست گزار کے مطابق مذکورہ نقاب پوش مسلح ملزمہ کے بیک اپ پر 2 موٹرسائیکل سوار 3ملزمان موجود تھے، کورنگی نمبر5ماڈل پارک کے قریب خاتون ملزمہ نے مجھے موٹر سائیکل سے اترنے کا کہا۔شہری حذیفہ کا کہنا ہے کہ ملزمہ موٹرسائیکل سے اتری اور اپنے ہینڈ بیگ سے اسلحہ نکال کر میرے سینے پر رکھ دیا، ملزمہ نے سرعام نقدی رقم اور موبائل فون لوٹ لیا۔درخواست گزار نے بتایا کہ واردات کے دوران مسلح ملزمہ نے مجھے تشدد کا نشانہ بھی بنایا اور اپنے دیگر موٹرسائیکل سوار ساتھیوں کے ہمراہ فرار ہوگئی۔متاثرہ شہری نے اندراج مقدمہ کیلئے عوامی کالونی تھانے میں درخواست جمع کر وادی ہے، پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں شروع کر د یں ۔