شہری کاقتل‘جر م ثابت ہونے پرملزم کو27برس قید

125

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سٹی کورٹ/ ماڈل کرمنل ٹرائل کورٹ میںشہری کو اغوا کے بعد قتل کرنے کا جرم ثابت ،عدالت نے ملزم سمیر خالد عرف سنی کو مجموعی طور پر 27 سال قید کی سزا سنادی ۔عدالت نے ملزم کو مقتول کے قانونی ورثا کو 5 لاکھ روپے بطور ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا عدالت کاکہناتھا کہ پراسیکیوشن ملزم کے خلاف جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہی، پراسیکوشن کا اپنے دلائل میں کہناتھا کہ 7 جنوری 2022 کو محمد علی نامی شہری نے تھانہ شارع فیصل میں مقدمہ درج کرایا ،مدعی نے بتایا کہ میرا بیٹا فاروق علی کام کے لئے گھر سے نکلا تھا مگر واپس گھر نہیں پہنچا، مدعی نے بیٹے کی تلاش کی کوشش کی مگر وہ کہیں نہیں ملا،بیٹے کے دوستوں سے رابطہ کرنے پر مدعی کو معلوم ہوا کہ آخری بار سنی نامی دوست کے ساتھ تھا، سنی سے رابطہ کرنے پر اس نے بتایا کہ فاروق اسے گلستان جوہر میں چھوڑ کر چلا گیا تھا، پولیس نے کارروائی اور عینی شاہد کی مدد سے ملزم سمیر خالد عرف سنی کو گرفتار کیا تھا،ملزم سمیر خالد نے اغوا اور قتل کرنے کا اعتراف بھی کیا تھا۔ علاوہ ازیں سندھ ہائیکورٹ میںجھگڑے کے دوران شہری کو قتل کرنے کا کیس میں عدالت نے مجرم شیر علی کی درخواست منظور کرتے ہوئے بری کردیا۔عدالت کاکہناتھا کہ ملزم نے جتنی سزا کاٹی ہے وہی اسکے لیے کافی ہے، مجرم کسی دوسرے مقدمہ میں مطلوب نہیں ہے تو فوری طور پر جیل سے رہا کردیا جائے۔