دنیا و آخرت کی کامیابیاں شریعت نبی ؐپر عمل کرنے میں ہے، مقررین

174

ڈھرکی/اوباڑو (نمائندہ جسارت) جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سندھ مولانا ممتاز حسین سہتو، امیر جماعت اسلامی ضلع گھوٹکی ڈھرکی مولانا مفتی محمد یوسف مزاری نے کہا ہے کہ لوگو تمہاری دنیا و آخرت کی معاشی اور معاشرتی کامیابیاں صرف سنت اور شریعت نبی مہربان ؐپر عمل کرنے میں ہے، آج دنیا بھر میں برپا معیشت، معاشرے اور گھروں اور لوگوں میں باہمی طور پر پیدا ہونے والے بگاڑ اور فساد کی اصل وجہ بھی پیغام الٰہی قرآن شریف، شریعت محمدی اور سنت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے احکامات اور فرمودات سے ہماری انفرادی اور اجتماعی رو گردانیوں اور نافرمانیوں کی بھر مار کی وجہ سے ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’دی اسمارٹ اسکول‘‘ میں منعقدہ سیرت النبی ؐکانفرنس اور جماعت اسلامی اوباڑو کی جانب سے پرائیویٹ اسکولز کے طلبہ کے درمیان ’’سیرت النبیؐ کوئز پروگرام‘‘ کے منعقدہ الگ الگ تقریبات سے خطابات کرتے ہوئے کیا۔ اوباڑو میں منعقدہ کوئز پروگرام میں 10 سے زائد پرائیویٹ اسکولوں کے طلبہ وطالبات نے حصہ لیا اور مقابلے میں کامیاب طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ کوئز مقابلہ پروگرام کے مہمان خصوصی ممتاز حسین سہتو ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سندھ تھے اور تقریب کی صدارت مولانا مفتی محمد یوسف مزاری امیر جماعت اسلامی ضلع گھوٹکی، میاں محمد اسلم قادری صدر سنی تحریک سندھ، سردار احمد گڈانی صدر شعبہ تعلقات عامہ جماعت اسلامی ضلع گھوٹکی نے کی۔