حافظ نعیم الرحمن آج زونل اجتماعات میں کارکنوں سے آن لائن خطاب کرینگے

173

فیصل آباد (جسارت نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن آج صبح 11 بجے بیک وقت پورے ملک میں زونل اجتماعات میں کارکنوں سے آن لائن خطاب کریں گے۔ خطاب کے بعد کارکن ملک بھر میں ڈور ٹو ڈور جاکر عوام کو جماعت اسلامی کا ممبر بنائیں گے۔ ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے دروازے ہر محب وطن پاکستانی کے لیے کھلے ہیں، جماعت اسلامی کے ممبر پاکستان کی طاقت بنیں گے، نوجوان پاکستان کا روشن سنہرا مستقبل ہیں، جماعت اسلامی پاکستان میں ظلم، جبر، انسانوں پر انسانوں کی حاکمیت کے نظام کا خاتمہ کرکے قرآن و سنت کی بالادستی اور آئین کی فرمانروائی کا نظام لائے گی، ایسے نظام میں وسائل کی منصفانہ تقسیم اور عدل و انصاف کے لیے عدلیہ ہر طرح کے دباؤ اور مداخلت سے پاک ہو گی، ملک میں معاشی استحکام کے لیے قرضوں، سود اور کرپشن کی لعنت سے چھٹکارا اور خود انحصاری، خود داری، طاقت ور زراعت، اپنی قوم اور وسائل پر اعتماد کرتے ہوئے اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی چاروں صوبوں میں 50 لاکھ نئے ممبرز بنائے گی، دوسرے مرحلے میں عوامی کمیٹیاں بنائیں گے، 70 سال سے سسٹم پر مسلط طبقات، فارم 47 کی پیداوار، وصیتوں اور وراثتوں سے چلنے والی پارٹیاں اپنی ناکامی تسلیم کریں۔