کندھکوٹ (نمائندہ جسارت) جمعیت علماء اسلام کی جانب سے ضلع میں بڑھتی ہوئی بے امنی، ڈاکو کلچر، بھتا مافیا کیخلاف شروع کی گئی تحریک ضلع کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں کے بعد ایس ایس پی آفس کے سامنے مولوی شمس الدین بھیری، مولوی جمال الدین اوگاہی، مولوی خان محمد ملک، مولوی محمد ابراہیم خاکی، حافظ عبدالقادر سیال، حافظ عرفان اللہ کھوسو، جے ٹی آئی رہنما مولوی فرحان علی مغل ودیگر کی قیادت میں احتجاجی دھرنا دیا گیا۔ اس موقع پر خطاب و میڈیا سے بات کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ پولیس نے اپنی رٹ کمزور کردی ہے، ڈاکو سر عام ڈکیتیاں اور تاجروں، معززین سے بھتا وصول کر رہے ہیں، بے خوف کر شہروں میں کلاشنکوف لا رہے ہیں۔ گزشتہ روز صدر پریس کلب پیر بخش بھنگوار کے گھر پر کلاشنکوف کے ذریعے حملہ کر کے فائرنگ کی گئی لیکن پولیس کسی بھی ڈاکو اور ملزم کو گرفتار نہیں کر سکی۔ اعلیٰ اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ضلع میں ڈاکوؤں، بدمعاشوں کیخلاف فوجی آپریشن کر کے ڈاکوؤں کا صفایا کر کے امن امان قائم کیا جائے، 5 گھنٹے احتجاج کے بعد اے ایس پی نے دھرنے میں پہنچ کر کچھ روز کی مہلت لے کر دھرنا ختم کروایا۔ جے یو آئی کی جانب سے کچھ روز میں مطالبات تسلیم نہ ہونا امن کی بحالی، ڈاکوؤں کیخلاف کارروائیاں نہ ہونے کی صورت میں دوبارہ تحریک کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔