گھارو (نمائندہ جسارت) سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے مرکزی نائب صدر روشن بروڑو نے ہنگامی پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر انہوں نے صحافیوں کو سندھ کے وسائل پر پیپلز پارٹی کے مسلسل قبضہ کے خلاف پارٹی کی طرف سے 18 اکتوبر کو 2 روزہ نکالی جانے والی احتجاجی ریلی میں شرکت کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے وسائل پر پیپلزپارٹی مسلسل 18 سال سے قابض ہے، اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر سندھ کا استحصال کر رہی ہے، جبکہ اس وقت سبز پاکستان پروگرام جو عسکری قوتوں کا سندھ دشمن پروجیکٹ ہے اسے زرداری مافیا نے اپنے ذمہ لے لیا ہے جس کی مذمت کرتے ہوئے اس کے خلاف بھرپور احتجاج کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ کے وسائل پر جب بھی ڈاکا ڈالنے یا سازشیں کی گئیں، سندھ کی قوم پرست جماعتوں نے اس کی بھر پور مذمت کی اور اس کے خلاف احتجاجی تحریک بھی چلائی ہیں، ایس یو پی سندھ دشمن منصوبوں کو سندھ کی غیور عوام کی طاقت سے ناکام بنا دے گی اور زرداری مافیا جو دریائے سندھ سے سبز پاکستان کے نام پر جو کینال نکالنے کا منصوبہ بنارہی ہے، اسے عملی جامہ پہنانے نہیں دے گی، اس کے خلاف 18 اکتوبر کو ملیر سے ٹھٹھہ اور بدین تک کے 2 روز پر مشتمل احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔