پاک سعودی دفاعی صنعتی تعاون، فورسز کی استعداد کار بڑھانے پر اتفاق

292
Pak-Saudi defense industrial cooperation

راولپنڈی: پاکستان اور سعودی عرب کا دفاعی صنعتی تعاون، فورسز کی مستقل بنیادوں پر استعداد کار بڑھانے پر اتفاق ہو گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے بائی لیٹرل ڈیفنس انڈسٹریل فورم کا ساتواں اجلاس 10 اکتوبر کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقد ہوا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ اجلاس میں پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے وفد کی قیادت چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل محمد اویس دستگیر نے کی جبکہ سعودی عرب کی طرف سے اجلاس کی قیادت معاون وزیر دفاع انجینئر طلال بن عبداللہ العتیبی نے کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس کے دوران چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل محمد اویس دستگیر نے سعودی رائل ڈیفنس فورسز کی استعداد کار بڑھانے کے لیے پاکستان کے مستقل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اجلاس کے حوالے سے کہا گیا کہ سعودی عرب کے نمائندے نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں اور قربانیوں کو سراہا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی قیمتی خدمات کو تسلیم کیا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ فورم میں عالمی اور علاقائی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور ان کے دفاعی افواج پر اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور جدید ٹیکنالوجی میں تیز رفتار پیش رفت کو مدنظر رکھتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی صنعتی تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

اجلاس کے آخر میں پاک فوج کے شعبہ اطلاعات کے مطابق اس ضمن میں جاری تعاون کا جائزہ لیا گیا اور نئے شعبوں میں تعاون پر بھی اتفاق کیا گیا۔