پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے دفاتر کی بجلی منقطع

204

لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے دفاتر کی بجلی بل کی عدم ادائیگی کی وجہ سے منقطع کردی گئی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بل ادا نہ کرنے کے باعث پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) اور پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے دفاتر کی بجلی کاٹ دی گئی ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے 69 لاکھ اور پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کی جانب سے 5 لاکھ روپے کا بل ادا نہیں کیا گیا، جس کی وجہ سے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں کے دفاتر کی بجلی  منقطع کردی۔

دفاتر میں موجود عملے نے بجلی منقطع کیے جانے سے متعلق پاکستان ہاکی فیڈریشن حکام کو باقاعدہ طور پر آگاہ کردیا۔ توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ پیسوں کا بندوبست ہونے کے بعد پیر کے روز بل کی ادائیگی ممکن بنائی جائے گی۔