حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان فیڈریشن آف ٹریڈ یونینز کے مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی نے جیکب آباد سے تعلق رکھنے والی خاتون مسمات عابدہ انڑ کے ساتھ پیش آنے والے زیادتی کے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ خاتون کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے مرتکب شخص اور خاتون پر دبائو ڈالنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت سے سخت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے قرار واقعی سزا دے کر انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد سے تعلق رکھنے والی پولیو ہیلتھ ورکرز کے ساتھ ہونے والی زیادتی پر اپنے ایک بیان میں کیا کہ جیکب آباد سے تعلق رکھنے والی لیڈی ہیلتھ ورکر مسمات عابدہ انڑ جسے جیکب آباد کے علاقے مولا داد میں پولیو مہم کے دوران زبردستی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور ستم بالائے ستم یہ کہ پہلے اس واقعے کو پولیس اور انتظامیہ کی مدد سے نہ صرف دبایا گیا بلکہ واقعے کو غلط رنگ دینے کی بھرپور کوشش کی گئی جس میں زیادتی کا شکار خاتون کے شوہر نصیر انڑ، بیٹا بشیر انڑ سمیت نظیر انڑ نے مسمات کو گھر سے بے دخل کردیا اور ساتھ ہی 2 بیٹیوں کو بھی چھین لیا گیا اور جب مسمات نے اپنے والد کے گھر پناہ لی تو مذکورہ افراد نے پستول نکال کر مسمات کے والد پر حملہ کیا، دھمکیاں دیں اور اپنی مرضی کا بیان پولیس کو قلم بند کرایا لیکن عدالت میں پیشی پر مسمات نے بناء کسی دبائو اپنا مقدمہ پیش کرتے ہوئے زیادتی کی تصدیق کی اور ملز م کی نشاندہی بھی کی جس پر ملز م کو گرفتار کیا گیا اور طبی رپورٹ کے بعد ملزم کی زیادتی ثابت ہوگئی۔