سکھر (نمائندہ جسارت) چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سید کمیل حیدر شاہ نے صالح پٹ میں کیلے کی کاشت کے بعد اس کے کچرے کو کارآمد بنانے کے پائلٹ منصوبے کے تحت پلانٹ کا افتتاح کر دیا۔ پلانٹ نارتھیمبیریا یونیورسٹی اور نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی فیصل آباد کے مشترکہ تعاون سے لگایا گیا ہے۔ اس موقع پر پلانٹ کی افتتاحی تقریب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ضلع کونسل سید کمیل حیدر شاہ نے صالح پٹ میں ریسرچ سینٹر کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ صالح پٹ میں کیلے کی کاشت کے بعد اس کے کچرے کو کارآمد بنانے کے لیے پائلٹ منصوبہ لگایا گیا ہے، جس سے کیلے کی کاشت کے بعد اس کے تنو اور کچرے کو کارآمد بنایا جائے گا۔ سید کمیل حیدر شاہ نے کہا کہ کچرے کو کاشتکار جلا دیتے ہیں جس سے ماحولیاتی آلودگی بھی بڑھتی ہے، منصوبے سے کیلے کے کچرے سے دھاگا، بایو گیس، بجلی اور کھاد بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ ماحول دوست ہونے کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کے لیے آمدن کا ذریعہ ہو گا، ماہرین نے کیلیے کے تنو سے دھاگا اور کپڑے بنانے کا کامیاب تجربہ کیا ہے، کسان کچرا اُٹھانے کے پیسے دیتے تھے، اب اس سے وہ خود پیسہ بنائیں گے، کسان اور زمیندار خوشحال ہو گا۔ سید کمیل حیدر شاہ نے کہا کہ کسان خوشحال ہوگا تو ملک خوشحال ہوگا۔