بدین: پی پی رہنما اور نامور ہاری علی احمد جوکھیو کی لاش برآمد

143

بدین (نمائندہ جسارت) پیپلز پارٹی بدین کے رہنما اور سندھ کے نامور ہاری رہنما شہید فاضل راہو اور سابق صوبائی وزیر محمد اسماعیل راہو کا دیرینہ ساتھی علی احمد جوکھیو کی لاش راہوکی میں فاضل راہو کی قبر کے قریب درخت سے لٹکی ملی۔ تفصیلات کے مطابق ضلع کونسل کے سابق رکن اور پیپلز پارٹی بدین کے سابق ضلعی نائب صدر شہید فاضل راہو اور اسماعیل راہو خاندان کے دیرینہ دوست بدین کے رہائشی علی احمد جوکھیو کی گولارچی کے نواحی گاؤں راہوکی میں فاضل راہو کے قبر کے ساتھ درخت سے لٹکی لاش برآمد ہو ئی، گاؤں کے مکینوں کی جانب سے اطلاع کرنے پر گولارچی اور کڑیو گھنور پولس نے راہوکی پہنچ کر علی احمد جوکھیو کی لاش اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو انڈس اسپتال روانہ کردی جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ان کے ورثاء کے حوالے کی گئی جسے بدین کے قریب ان کے آ بائی گاؤں قابل جوکھیو میں دفن کردیا گیا۔ علی احمد جوکھیو کے قریبی دوست احباب اور رشتے دار علی احمد جوکھیو کو قتل کرنے کا اندیشہ ظاہر کر رہے ہیں، علی احمد جو کھیو کے جسم پر لٹکا تھیلا ملا ہے جس پر کاغذ چسپاں تھا کہ اس تھیلی میں خطوط صرف اسماعیل راہو ہی پڑھ سکتے ہیں، تاحال لواحقین کی جانب سے کوئی ردِعمل نہیں آ یا اور نہ ہی مقدمہ درج کیا گیا ہے، البتہ علی احمد جوکھیو کی موت معما بنی ہوئی ہے۔