کندھکوٹ: پریس کلب کے صدر کے گھر پر مسلح افراد کا حملہ

155

کندھکوٹ (نمائندہ جسارت) پریس کلب کے صدر نجی ٹی وی نیوز کے ڈسٹرکٹ رپورٹر پیر بخش بھنگوار کے گھر اعوان محلّے سی سیکشن تھانہ کی حدود میں صبح سویرے مسلح افراد نے حملہ کر کے سیدھے فائر کیے، گولیاں دروازے سے پار ہو کر گھر میں پہنچیں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، مسلح افراد بے خوف ہوکر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے، واقعے کے باعث علاقے میں خوف وہراس پیدا ہو گیا، اہل علاقہ گھروں سے باہر نکل آئے اطلاع کے باوجود پولیس روایت برقرار رکھتے ہوئے دیر سے پہنچی لیکن کوئی کارروائی نہیں کی، واردات کو معمولی سمجھ کر خاموش ہو گئی، واقعے پر صحافی برادری میں شدید غصے کی لہر، صحافی برادری نے حکومت، پولیس، وزیراعلیٰ، وزیر داخلہ سندھ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی لاڑکانہ، ایس ایس پی کندھکوٹ سے مطالبہ کیا کہ سستی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس عملداروں کیخلاف کارروائی کر کے واقعے کا مقدمہ درج کیا جائے۔ صحافی پیربخش بھنگوار کے گھر پر حملے کیخلاف پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے مرکزی صدر افضل بٹ، جنرل سیکرٹری راشد انصاری، فنانس سیکرٹری لالا اسد پٹھان نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ صحافی پیربخش بھنگوار اور ان کے اہلخانہ کو تحفظ فراہم کر کے حملہ آور ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کیا جائے۔