اسلام آباد ہائیکورٹ‘عمران خان سے بہن کی ملاقات کرانے کا حکم

72

اسلام آباد (صباح نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان سے نورین نیازی کی ملاقات کو یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پابندی ہٹنے کے فوری بعد جیل مینوئل کے مطابق ملاقات کرائی جائے اور پارٹی سربراہ کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔عدالت عالیہ نے عمران خان کی میڈیکل رپورٹ بھی طلب کرلی۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے نورین نیازی کی درخواست پر سماعت کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے تھریٹ الرٹ سے متعلق وزارت داخلہ کانوٹیفکیشن عدالت میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی طرف سے اڈیالہ جیل حکام کو ملاقاتوں پر پابندی لگانے کا کہا گیا ہے۔ اڈیالہ جیل صرف عمران خان کی حد تک نہیں بلکہ ہر قسم کی سرگرمیوں پر بھی پابندی عاید ہے۔انہوں نے کہا کہ سخت سیکورٹی تھریٹس کی وجہ سے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے دوران چھٹی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا،عدالت عظمیٰ اور اسلام آباد ہائیکورٹ بھی کانفرنس کے دوران بند ہوں گی۔درخواست گزار کے وکیل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ ہماری استدعا ہے کہ بہن اور ایک ڈاکٹر کی ملاقات کرا دی جائے، افواہیں ہیں کہ عمران خان کو جیل میں کچھ ہو گیا ہے، پارٹی سربراہ عام آدمی نہیں بلکہ ایک بڑی سیاسی جماعت کے لیڈر ہیں، انسانی بنیاد پر صرف بہن اور ایک ڈاکٹر کو ملاقات کی اجازت دی جائے۔عدالت نے ڈپٹی سپرٹینڈنٹ اڈیالہ جیل سے استفسار کیا کہ جیل میں ملاقاتوں پر پابندی کب سے کب تک ہے؟ ۔جس پر انہوں نے بتایا کہ 5 اکتوبر سے 18 اکتوبر تک اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر پابندی عاید ہے، عدالت نے کیس کی سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی کردی۔