اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری نے روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کی ہے جس میں دونوں شخصیات نے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت کی اپنے روسی ہم منصب کے ساتھ غیر رسمی ملاقات ترکمانستان کے دورے کے دوران بین الاقوامی فورم کے موقع پر ہوئی۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں صدور نے ایک دوسرے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار اور خوشگوار جملوں کا تبادلہ کیا۔ قبل ازیں دورہ ترکمانستان میں اشک آباد میں منعقد بین الاقوامی فورم ’’وقت اور تہذیبوں کا باہمی تعلق: امن و ترقی کی بنیاد‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات ہیں، پاک ترکمانستان تعلقات باہمی احترام، مشترکہ عقیدے، ایک بہتر اور پرامن مستقبل کے مشترکہ وژن پر مبنی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ثقافتوں کے درمیان افہام و تفہیم، امن و مکالمے کے فروغ کیلیے فورم کے انعقاد پر ترکمانستان کی حکومت اور عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔ ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق یہ عالمی فورم ترکمانستان کے عظیم مفکر، شاعر اور فلسفی مقطی مقلی فراگی کے 300ویں یوم پیدائش کے موقع پر ہو رہا ہے۔