دنیا کی 5ایٹمی طاقتوں میں اہم ملاقات کا اعلان

162

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے کہا ہے کہ جوہری ہتھیار رکھنے والی 5ریاستوں کا ایک گروہ 2ہفتوں میں نیویارک میں ملاقات کرنے والا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق یہ گروپ روس، امریکا، چین، فرانس اور برطانیہ پر مشتمل ہے جو نہ صرف جوہری ہتھیاروں سے لیس ریاستیں ہیں بلکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رکن بھی ہیں۔ سرگئی ریابکوف نے اپنے بیان میں ملاقات کی کسی مخصوص تاریخ کا اعلان نہیں کیا اور نہ ہی بتایا کہ اس میں کس سطح کے حکام شرکت کریں گے۔ یہ ملاقات اس لیے اہم سمجھی جاتی ہے کیوں کہ یوکرین جنگ کے آغاز کے بعد سے روس اور مغرب کے درمیان جوہری کشیدگی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے گزشتہ ماہ روس کے جوہری اصول میں تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ماسکو ایسے منظرناموں کی فہرست میں توسیع کر رہا ہے جو اسے جوہری ہتھیار چلانے پر غور کرنے پر مجبور کر سکتے ہیں۔ جنوری 2022 ء میں یوکرین میں روسی فوج بھیجے جانے سے قبل جوہری گروپ نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا تھا کہ وہ جوہری طاقتوں کے درمیان جنگ سے گریز اور اسٹریٹجک خطرات میں کمی کو اپنی اولین ترجیحات میں شمار کرتے ہیں۔ انہوں نے اْس وقت کہا تھا کہ ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ جوہری جنگ نہیں جیتی جا سکتی اور اسے کبھی نہیں لڑنا چاہیے۔