شیخ عمر ریحان کی وزیر خزانہ اور وزیر مملکت سے ملاقات

126

کراچی ( کامرس رپورٹر ) پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی وی ایم اے) کے چیئرمین شیخ عمر ریحان نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب اور وزیر مملکت برائے خزانہ، ریونیو اور پاور علی پرویز ملک سے ملاقات کی۔ جس میں گھی اور کوکنگ آئل انڈسٹری کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزراء نے شیخ عمر ریحان کو یقین دہانی کرائی کہ گھی اور کوکنگ آئل انڈسٹری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ اس موقع پر چیئرمین پی وی ایم اے شیخ عمر ریحان نے وزیر خزانہ اور وزیر مملکت کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل وقت میں پاکستان کی اقتصادی امور کی ذمہ داریاں سنبھالی جس وقت ملک سنگین معاشی بحران سے گزر رہا تھا، زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی، تجارتی خسارہ عروج پر تھا اور بزنس کمیونٹی میں اعتماد کا فقدان تھا اور ٹیکس کی پیچیدگیوں اور ڈالر کی قیمت میں تیزی سے اضافہ کے باعث مقامی انڈسٹری تباہی کا شکار تھی۔ تاہم وزیر خزانہ کی انتھک محنت سے نہ صرف معیشت درست سمت میں گامزن ہوئی بلکہ بزنس کمیونٹی کا اعتماد بھی بحال ہو رہا ہے۔