ماہی گیروں کے مسائل ترجیحاً حل کرینگے ،میرعلی حسن زہری

94

کراچی (پ ر) ماہی گیروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کریں گے۔یہ بات مشیر صنعت و حرفت اور ترجمان صدر مملکت آصف علی زرداری برائے بلوچستان میر علی حسن زہری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ ماہی گیروں کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف منصوبے بنا رہے ہیں اور اس مقصد کے لیے بلوچستان کی صوبائی حکومت فنڈز فراہم کرے گی۔ میرعلی حسن زہری نے کہا کہ ماہی گیروں کو لیبر کا درجہ دینے کے لیے ترامیم لائی جا رہی ہیں جو آخری مراحل میں ہیں۔ ساحلی علاقے ڈام میں پینے کے پانی و جیٹی کے مسائل سنگین ہیں جن کو حل کریں گے۔ پینے کے پانی کے مسئلے کو ایک ماہ کے اندر حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اگلے ہفتے صدر پاکستان آصف علی زرداری کا دورہ چین ہوگا جس میں ماہی گیروں کیلیے بڑے پروجیکٹس آئیں گے۔ قبل ازیں میر علی حسن زہری کا وندر ناکہ کھاڑی پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ انہوںنے یہاں مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور لوگوں سے ان کے مسائل معلوم کیے۔