کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں حادثات و واقعات کے دوران خواتین سمیت 9افراد جاںبحق ہوگئے‘ دیگر واقعات میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق سپر مارکیٹ کے علاقے لیاقت آباد 4 نمبر ارم بیکری کے قریب تیز دھار آلے کے وار سے 18سالہ اسماعیل ولد وسیم نامی نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کی لاش کو پولیس کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔ سکھن تھانے کی حدود لانڈھی بھینس کالونی لیبر اسکوائر ریلوے پھاٹک کے قریب ٹرین کی زد میں آکر 35سالہ نیر ولد غلام محمد جاں بحق ہوگیا۔ متوفی کی لاش کو جناح اسپتال سے ضابطے کی کارروائی کے بعد سرد خانے منتقل کر دیا گیا۔ عزیز بھٹی تھانے کی حدود گلشن اقبال 13D کباب جی ریسٹورنٹ کے قریب سے 52 سالہ شخص کی لاش ملی، متوفی کی لاش کو جناح اسپتال سے ضابطے کی کارروائی کے بعد سر دخانے منتقل کر دیا گیا۔ ڈاکس کے علاقے مچھر کالونی الفلاح مسجد کے قریب گھر سے زہر خورانی سے متاثر ہ خاتون 17 سالہ فاطمہ دختر عمر حیات دوران علاج دم توڑ گئی۔ صدر تھانے کی حدود جناح اسپتال پارکنگ ایریا رنگون والا بلڈنگ ویٹنگ ایریا سے خاتون کی لاش ملی۔ سپر مارکیٹ کے علاقے لیاقت آباد مین روڈپر تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے راہ گیر خاتون جاںبحق ہوگئی۔ حب چوکی پل کے قریب ندی میں گر کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ متوفی کی شناخت 42سالہ طاہر ولد عمر فاروق کے نام سے ہوئی، متوفی کی لا ش کو اسپتال سے ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے سپر د کر دیا گیا۔ رسالہ تھانے کی حدود سول اسپتال برنس وارڈ کے عقب ملک بیکری والی گلی سے50سالہ شخص کی لاش ملی۔ پاک کالونی تھانے کی حدود پرانا گولیمار ریکسر لائن ڈبل PMT والی گلی کالا اسکول کے قریب کچرا کنڈی کے قریب سے40سالہ شخص کی لاش ملی۔ مومن آباد تھانے کی حدود اورنگی ٹائون سیکٹر ایف ضیا کالونی سوات چوک کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے 23سالہ سورج ولد دیوراج نامی نوجوان زخمی ہوگیا۔ گڈاپ سٹی عبداللہ گوٹھ کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے 25 سالہ محمد حماد ولد اللہ ورائیو زخمی ہوگیا۔ اورنگی ٹاؤن سیکٹر نمبر 5 میں بلال کوچ نے تیز رفتاری کے دوران موٹر سائیکل سوار کو ٹکر مار دی جس کے باعث نوجوان زخمی ہوگیا۔ کورنگی میں لوٹ مار کی وارداتیں معمول بن گئی ہیں۔ واردات بیکری کی دکان میں ہوئی۔ موٹرسائیکل سوار ایک ملزم بیکری میں داخل ہوا۔ ملزم نے دکان میں اسلحہ کے زور پر واردات کی۔ مسلح ملزم نقد رقم لوٹ کر فرار ہو گیا۔ ملزم نے فرار ہوتے ہوئے بیکری ملازم پر2 فائر کیے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرز موقع پر پہنچ گئی۔