کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے عمل سے واضح ہوتا ہے کہ ان کا اصل مقصد بھتہ خوری ہے، ایسے عناصر کی سرکوبی کی جائے گی، آزادی کا نعرہ لگانے والے غریبوں کا قتل کررہے ہیں ، آج تک دنیا میں کہیں ایسا نہیں ہوا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے دکی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کریں گے اور ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی، دہشت گرد کہتے تھے کہ یہ مزدور پنجاب سے آئے ہیں اس لیے انہیں قتل کر رہے ہیں، اب یہ جو مزدور قتل کیے ہیں ان میں بیشتر پختون ہیں کیونکہ کوئلے کی کان میں بیشتر پختون کام کرتے ہیں یا تھوڑے بہت ہزارہ والے ہوتے ہیں۔
جعفر مندوخیل نے کہا کہ ہر مزدور پورے خاندان کا واحد کفیل ہوتا ہے، دہشت گردوں نے خاندان کے واحد کفیل کو بیدردری سے شہید کیا، دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔