کراچی میں سورج قہر برسانے لگا، درجہ حرارت 39 ڈگری کو چھو گیا

106
the weather is hot and dry

کراچی: شہر قائد میں سورج کچھ دن سے قہر برسا رہا ہے ۔ جمعہ کے روز شہر کا درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں گرمی کی لہر جاری ہے۔ اسی دوران مختلف مقامات پر ہلکی اور درمیانی شدت کی بارش ہوئی جب کہ دیگر علاقوں میں موسم خشک اور گرم ریکارڈ ہوا۔ اس دوران کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ نچلی سطح کی فضاؤں  میں ہوا کے زیادہ دباؤ کے نتیجے میں جمعہ کے روز بھی سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں غیرفعال رہیں۔ بلوچستان کی شمال مغربی سمت سے چلنے والی گرم اور خشک ریگستانی ہواؤں کے سبب دن کے وقت لوکے تھپیڑے چلے۔ شدید گرمی کے دوران شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 59 فی صد ریکارڈ پر آیا۔

ارلی وارننگ سینٹر کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق جنوب مشرقی بحیرہ عرب کے اوپرکم دباؤبن گیا، جس کا فاصلہ کراچی سے تقریباً ایک ہزار کلومیٹر ہے، سازگار ماحولیاتی حالات کی وجہ سے امکان ہے کہ نظام اگلے 2 سے 3 روزکے دوران ڈپریشن میں تبدیل ہوجائےگا۔