“محسن نقوی علی امین کے پیروں میں بیٹھ کر معافی مانگ رہے تھے”

148

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے وزیر داخلہ محسن نقوی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو دھمکیاں دے رہے تھے لیکن 24 گھنٹوں کے اندر وہ علی امین کے پیروں میں بیٹھ کر معافیاں مانگنے لگے۔

نجی ٹی وی کے مطابق عمر ایوب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پی ٹی آئی کے ارکان کو زدوکوب کیا جا رہا ہے لیکن وہ تمام ارکان “شیر” کی طرح مضبوطی سے کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان بانی چیئرمین عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور محسن نقوی کو خیبر پختونخوا کی ضرورت پڑی تو وہ یہاں آ گئے لیکن ان کو معافی مانگنی پڑی۔

عمر ایوب نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی گرفتاری کی کوشش کی گئی مگر علی امین نے انہیں معاف کر دیا، البتہ تحریک انصاف محسن نقوی کو معاف نہیں کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا کے آئی جی اور چیف سیکریٹری کو براہِ راست احکامات دیے، اس کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے رہنما جیل میں ہیں۔

عمر ایوب نے مزید دعویٰ کیا کہ یہی وجہ ہے کہ گزشتہ روز آئی جی سے اختیارات واپس لے لیے گئے ہیں۔