حکومت نے 26ویں آئینی ترمیم کا ڈرافٹ کمیٹی میں پیش کردیا: مولانا فضل الرحمان

184

اسلام آباد:جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت نے پہلی بار اپنا ڈرافٹ شیئر کیا ہے، دیکھتے ہیں پھر بات کہاں تک پہنچتی ہے۔

سیاسی جماعتوں کی مسودہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ حکومت نے پہلی مرتبہ اپنا ڈرافٹ شیئر کیا ہے، پیپلز پارٹی کی جانب سے جو تجاویز آئیں وہ بھی اجلاس میں شیئر کی گئی ہیں، جو تجاویز جے یو آئی کی تھیں وہ بھی یہاں زیر بحث آئیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی تجاویز بھی سامنے آئی ہیں، پیپلز پارٹی اور جے یوآئی آپس میں بات چیت بھی کریں گے، کوشش کریں گے ایک ڈرافٹ پر اتفاق ہو،، ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے کہ کب تک اتفاق رائے ہوجائے گا، ابھی اس معاملے پر مزید مشاورت ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی صوبائی اور قومی حقوق کی علمبردار رہی ہے، تعصبات اور قتل وغارت گری کے مخالف ہیں۔