آئینی ترامیم پر مشاورت: قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس بے نتیجہ ختم

145
government has convened a meeting

  اسلام آباد: آئینی کمیٹی پر مشاورت کے لیے قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس بے نتیجہ ختم ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق آئین میں 26 ویں ترمیم کے حوالے سے کئی روز مشاورت اور اتحادیوں سے گفتگو کے بعد آج پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا خورشید شاہ کی زیر صدارت ہوا جس میں تمام قائدین نے اپنے اپنے مجوزہ آئینی مسودے پر اظہار خیال کیا، پی ٹی آئی، جے یو آئی، پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے اپنا مسودہ کمیٹی میں پیش کیا۔

کمیٹی میں آئینی ترامیم پر کوئی اتفاق نہ ہونے سے ڈیڈ لاک تاحال برقرار ہے۔ قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہفتہ کو دوپہر 12 بجے دوبارہ طلب کرلیا گیا ہے۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا آج کمیٹی کے اجلاس میں کافی تجاویز سامنے آئی ہیں، کل کمیٹی کا اجلاس 12 بجے پھر ہو گا، ہیجان کی کیفیت جو پیدا کر رکھی تھی وہ کم ازکم ختم ہو گئی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں دعا کرنے جا رہا ہوں کہ بہتری ہو، میں یقین رکھتا ہوں کہ دعاؤں کا بہت بڑا اثر ہوتا ہے، اللہ سے جب رابطہ رکھتے ہیں تو اس میں بہتری ہوتی ہے۔