صوبائی حکومت صحت کے بنیادی مسائل حل کررہی ہے

15

پشاور(آئی این پی )ورلڈ مینٹل ہیلتھ ڈے کے موقع پر ایوب میڈیکل کالج میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر صحت احتشام علی خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صحت کی بنیادی سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے۔ چھوٹے ہسپتالوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے تاکہ دور دراز علاقوں کے عوام کو بہتر طبی خدمات میسر آئیں اور بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ کم ہو۔مشیر صحت احتشام علی خان نے پاکستان میں ذہنی صحت کی خراب صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق ملک میں 50 ملین سے زائد افراد ذہنی مسائل کا شکار ہیں، جبکہ ہر چار میں سے ایک فرد ذہنی تناؤ یا نفسیاتی بیماریوں سے متاثر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ معاشرتی مسائل جیسے کہ کرپشن، مہنگائی، بدعنوانی اور غربت نوجوانوں میں ذہنی تناؤ، ڈپریشن اور انزائٹی کی شرح کو بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوان نسل کو صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے جامع حکمت عملی بنا رہی ہے تاکہ وہ ملک کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔مشیر صحت نے کہا کہ حکومت صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اصلاحات لا رہی ہے اور صحت کے معاملے میں کسی قسم کی سیاست کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ چھوٹے ہسپتالوں کو فعال بنانے اور دور دراز علاقوں تک خدمات پہنچانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاکہ تمام شہریوں کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم ہو سکیں اور بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ کم ہو سکے ۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ منشیات کا استعمال نوجوان نسل کے لیے ایک بڑا خطرہ بن چکا ہے۔ حکومت اس مسئلے کے خاتمے کے لیے صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں ڈرگ ریہیبلیٹیشن سینٹرز قائم کر رہی ہے، جہاں منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لیے جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔سیمینار میں ماہرین نے بھی شرکت کی ۔