سکھر: دیہی علاقوں کے 6 طلباء اسکالرشپ پر چین پہنچ گئے

37

سکھر (نمائندہ جسارت) دیہی علاقوں کے 6 طلباء اسکالرشپ پر چین پہنچ گئے، ایک سالہ ڈپلومہ کورس کے لیے طلبہ گزشتہ روز چین کے صوبے یونان پہنچ گئے۔ وائس چانسلر بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ اسکلز ڈویلپمنٹ خیرپور میرس کے اسرار احمد گاہو، وحید علی بھنبھرو، کامران علی منگریو اور جہانزیب چنا روڈ اینڈ برج ٹیکنالوجی (سول) میں ڈپلومہ ایکسچینج پروگرام کے تحت یونان کمیونیکیشن، ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل کالج میں ڈپلوما مکمل کریں گے، جبکہ راشد علی لغاری مکینیکل ٹیکنالوجی اور فراز علی لاڑک آرٹیفیشل انٹیلیجنس میں ڈپلومہ کورس مکمل کریں گے۔ اسرار گاہو کا تعلق کوٹڈجی کے گوٹھ دریا خان گاہو، وحید بھنبھرو صالح پٹ کے گاؤں الہورایو بھنبھرو، کامران منگریو کوٹڈجی کے علاقے محلہ کوٹ قلعہ، جہانزیب چنا الطاف کالونی خیرپور، راشد لغاری ڈھرکی کے گاؤں داد لغاری اور فراز لاڑک کنگری تعلقہ کے گاؤں بھار لاڑک کا رہائشی ہیں، چین جانے والے راشد علی لغاری کے والد یومیہ اُجرت پر کام کرتے ہیں جبکہ کامران منگریو کے والد انتقال کر چکے ہیں، دونوں طلباء غربت کے باوجود سخت محنت کر کے کامیابی کی طرف گامزن ہیں۔ وائس چانسلر بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ اسکلز ڈویلپمنٹ پروفیسر ڈاکٹر رسول بخش مہر نے کہا ہے کہ فنی تعلیم کے تحت ہی سندھ کے نوجوان کامیابی کی منازل طے کر سکتے ہیں۔