اسرائیل تمام مسلمانوں کا دشمن ہے،پیرریاض احمد سعدی

16

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی کے رہنما پیرریاض احمدسعدی نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے اہل غزہ پر امریکی سرپرستی میں ایک سال سے جاری حالیہ جارحیت و دہشت گردی، فلسطینیوں کی نسل کشی، لبنان پر حملے اور جارحیت کا دائرہ وسیع کرنے کی شدید مذمت کی گئی،انہوں نے کہاکہ کہ موجودہ حالات میں امت ِ مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے اور مسالک و فرقہ وارانہ بنیادوں پر تفریق و اختلافات پیدا کرنے کی سازشوں کو اتحاد ِ امت کے جذبے کے تحت ناکام بنایا جائے۔ اسرائیل تمام مسلمانوں کا دشمن ہے اور اس کا نشانہ امت ِ مسلمہ ہے۔ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور پھر حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی شہادت اسرائیل کی مسلم دشمنی کا واضح ثبوت ہے،انہوںنے اہل غزہ پر اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی جنگی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مسلسل بمباری، اسپتالوں، اسکولوں اور شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے، خواتین اور بچوں کو شہید کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اہل غزہ کی قربانیوں اور جدو جہد کو سلام پیش کیا اور عالم اسلام کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی روکنے کے لیے اپنی بے حسی ترک کرتے ہوئے اسرائیل کے خلاف عملی اقدامات کریں اگر ایسانہ کیا گیا تو غزہ کے بعد لبنان کو نشانہ بنانے والا اسرائیل امریکا کی سرپرستی میں کل کسی اور مسلم ملک پر بھی حملہ کر سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم جاری رکھی جائے گی۔ امت ِ مسلمہ کا اتحاد اور عالم اسلام کے حکمرانوں کا راست اقدام اسرائیل کو یقینی طور پر پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دے گا۔انہوںنے کہا کہ اہل غزہ و فلسطین کی قربانیوں اور شہدا کے خون کے طفیل اسرائیل کا بھیانک چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔ دنیا بھر میں اہل ِ دل اور باضمیر انسان بھی اسرائیل کی مذمت اور فلسطینیوں کی حمایت کر رہے ہیں۔ عالم اسلام کے لیے بھی اسرائیل کے خلاف جدو جہد کے ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم ہونے کے امکانات پیدا ہوئے ہیں اب وقت آگیا ہے کہ پوری امت اور حکمران اسرائیل کے خلاف ایک نکاتی ایجنڈے پر جمع ہو جائیں۔