جو روٹ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے انگلینڈ کے پہلے بلے باز بن گئے

94

ملتان۔10اکتوبر (اے پی پی)انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز اور سابق ٹیسٹ کپتان جو روٹ ٹیسٹ کرکٹ میں انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے۔33 سالہ جو روٹ نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں پانچواں نمبر بھی حاصل کرلیا۔جوروٹ نے پاکستان کے خلاف ملتان میں کھیلے جا رہے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 35 ویں سنچری بنائی بلکہ انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ کرکٹ میچ میں جو روٹ نے اپنی پہلی اننگز کے دوران انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز سکور کرنے والے بیٹس مین کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ان سے پہلے یہ ریکارڈ بائیں ہاتھ کے ساتھ بیٹنگ کرنے والے الیسٹر کک کے نام تھا۔ الیسٹر کک نے انگلینڈ کے لیے 2006سے 2018کے دوران 161 ٹیسٹ میچوں کی 291 اننگز وں میں 12472 رنز 45.35 کی اوسط سے بنائے تھے، جن میں الیسٹرکک کی 33 سنچریاں اور57نصف سنچریاں شامل تھیں۔ 33سالہ جو روٹ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز سکور کرنے والے بلے بازوں میں اب پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔یارک شائر کانٹی سے تعلق رکھنے والے جو روٹ نے دسمبر 2012میں پہلا ٹیسٹ ناگپور میں بھارت کے خلاف کھیلا تھا۔ پہلی اننگز میں روٹ نے 73 اور دوسری اننگز میں ناٹ آوٹ 20 رنز بنائے تھے۔30 دسمبر 1990کو پیدا ہونے والے جوزف ایڈورڈ روٹ کے کیریئر کا یہ 147 واں ٹیسٹ ہے جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کا اگلا ہدف 13ہزار رنز تک رسائی ہے۔