ائرپورٹ سنگل حملہ، ہلاک حملہ آور کا ساتھی گرفتار

156

کراچی (اسٹاف رپورٹر) تفتیشی حکام نے ائرپورٹ سگنل پر دھماکے میں ہلاک ملزم کے سہولت کار کو گرفتار کرلیا، دھماکے کے مقام سے ملنے والی باقیات خودکش حملہ آور شاہ فہد نامی ملزم کی نکلیں، بائیں ہاتھ کی 2 انگلیوں سے شناخت ممکن ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق بائیں ہاتھ کی انگلیوں کے فنگر پرنٹس کو نادرا ریکارڈ سے میچ کیا گیا تو شاہ فہد کا نام سامنے آیا۔ دھماکے کے مقام سے ملنے والی باقیات میں خودکش حملہ آور کا دھڑ، 2 انگلیاں اور سر شامل تھا۔ دوسری جانب ائرپورٹ کے قریب سیکورٹی انتظامات مزید سخت کردیے گئے ہیں اور کرائم سین کے اطراف جدید ترین کیمرے نصب کردیے ہیں۔ ائرپورٹ سگنل کے قریب جدید سرویلنس کیمرہ نصب کیا گیا ہے جبکہ سرویلنس کیمرے کے ساتھ مزید 2 کیمرے بھی لگائے گئے ہیں جبکہ دھماکے کے مقام پر موجود عمارت پر بھی کیمرے لگا دیے گئے ہیں۔ملیر سے زیر حراست ملزم ہلاک دہشت گرد فہد کا مبینہ سہولت کار ہے، ہلاک دہشت گرد نے حملے سے قبل ملزم کے گھر میں قیام کیا، دوران تفتیش دہشت گرد کے بیک اپ پر موجود ایک اور گاڑی کا بھی انکشاف ہوا ہے، بیک اپ پر موجود گاڑی سے بنائی گئی وڈیو تفتیشی اداروں کو مل گئی، حملے سے قبل استعمال کی گئی گاڑی کی وڈیو بھی بنائی گئی جس کے بعد تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔