کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز آندھیکے ساتھ بارش،خوفناک آندھی کے باعث متعدد گھروں کی چھتوں پر نصب سولر پینلز اڑگئے جبکہ مٹی کے طوفان نے ہر چیز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سپر ہائی وے، اسٹیل ٹاؤن، گلشن حدید، گڈاپ ٹاؤن، ملیر، نارتھ کراچی، گلشن معمار، گلستان جوہر اور گلشن اقبال میں بارش ہوئی جبکہ کراچی کا موسم اگلے 4 تا 5 روز کے دوران گرم، شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملیر، لانڈھی، گلشن اقبال، گلشن معمار اور گلشن حدید میں آندھی کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔ گلستان جوہر کے شمالی حصے اور سپر ہائی وے سے متصل علاقوں میں آندھی کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ کئی بل بورڈز گرگئے۔ مقامی افراد کے مطابق خوفناک آندھی کے باعث متعدد گھروں کی چھتوں پر نصب سولر پینل کی پلیٹیں بھی اڑ گئیں۔ گلشن حدید میں تیزہواؤں اور بارش کے بعد متعدد درخت گرگئے۔ درختوں کے گرنے کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔