سعودی وفد پاکستان پہنچ گیا، 2 ارب ڈالر کے معاہدوں کا امکان

198

اسلام آباد:سعودی عرب کا اعلیٰ سطح کا سرمایہ کاری وفد پاکستان پہنچ گیا، جس کے بعد دونوں ممالک کے  درمیان 2 ارب ڈالر کے معاہدوں کا امکان ہے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے معاہدوں پر دستخط کے لیے سعودی عرب سے خصوصی اعلیٰ سطح کا وفد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گیا جب کہ وزیراعظم شہباز شریف کل مہمان وفد کے اعزاز میں نجی ہوٹل میں عشائیہ دیں گے۔

سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کا تجارتی وفد ہوائی جہاز کے ذریعے نورخان ائربیس پر اترا، جہاں وزیر تجارت جام کمال، مصدق ملک اور دیگر اعلیٰ حکام نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی بھی موجود تھے۔

سعودی عرب کے پاکستان آنے والے  وفد میں130 ارکان شامل ہیں۔ امکان ہے کہ سعودی وفد پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا اور اس سلسلے میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کل سعودی وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے جس میں وفاقی وزرا اور اہم شخصیات  بھی شریک ہوں گی۔ علاوہ ازیں سعودی وفد کل نیشنل ایروسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا دورہ کرے گا اور کل ہی عسکری حکام سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔