اسلام آباد: سعودی وزیر سرمایہ کاری انجینئر خالد بن عبدالعزیز الفلیح 2 روزہ دورے پر پاکستان آئیں گے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق سعودی وزیر سرمایہ کاری انجینئر خالد بن عبدالعزیز الفلیح کل دو روزہ دورے پر پاکستان آئیں گے جہاں وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی وفد کے اعزاز میں نجی ہوٹل میں عشائیہ دیں گے۔ سعودی وفد پاکستان میں دو راب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔
حکام کے مطابق سعودی وزیر سرمایہ کاری انجینئر خالد بن عبدالعزیز الفلیح کے ساتھ آنے والے وفد میں فنانشل سروسز، آئی ٹی، کنسٹرکشن، انجینئرنگ،فوڈ انرجی، ایگریکلچر،ہاسپیٹیلٹی اور پیٹرولیم کی سعودی کمپنیون کے نمائندے بھی شامل ہونگے۔
حکام کے مطابق سعودی وفد 11 اکتوبر کو نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا دورہ کرے گا، عسکری حکام سے بھی سعودی وفد کی ملاقاتیں 11 اکتوبر کو متوقع ہیں، سعودی وفد کے لیے عشائیہ میں وفاقی وزراء کو بھی مدعو کیا گیا ہے اور وزارتی سطح پر سعودی وفد کے ساتھ راؤنڈ ٹیبل میٹنگز بھی شیڈول ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی وزیر سرمایہ کاری پاکستان کے نجی شعبے کی سینئر قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے، سعودی وزیر پاکستانی ہم منصبوں کےساتھ مفاہمتی یادداشتوں پردستخط کریں گے۔