حیدرآباد ،پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن کا دھرنے کا اعلان

298

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن سندھ نے مطالبات کے حق اور صوبائی وزیر تعلیم کے خلاف کل کراچی پریس کلب پر دھرنے کا اعلان کردیا۔ اس حوالے سے پرائمری ٹیچر ایسوسی ایشن سندھ کے صدر غلام رسول مہر نے پریس کلب میں جنرل سیکرٹری غازی خان جمالی، زاہد حسین کاکا اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پ ٹ الف اساتذہ کے بنیادی مسائل کے حل، اسکولوں کے انفرا اسٹرکچر کی بحالی اور صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ کی جانب سے اساتذہ کے خلاف مسلسل غلط زبان استعمال کرنے کے خلاف 5 ستمبر سے احتجاجی تحریک شروع کیے ہوئے ہیں۔ اس سلسلے میں تمام ڈویژنل، ضلعی اور تعلقہ سطح پر احتجاجی مظاہرے، ورکرز کنونشن کی کامیابی کے بعد کل کراچی پریس کلب سے وزیر اعلیٰ ہاؤس تک احتجاجی ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرائمری اساتذہ کے کوئی نئے مطالبات نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے 60 ہزار نئے اساتذہ بھرتی کیے ہیں لیکن اس کے باوجود سندھ میں سیکڑوں اسکول بند پڑے ہیں جبکہ 40 فیصد اسکولوں میں کتابیں، پینے کے پانی کی کمی، اسکولوں کی مرمت سمیت دیگر کئی مسائل حل نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر تعلیم سندھ کے اساتذہ کی مسلسل توہین کر کے بد زبانی کا مظاہرہ کر رہے ہیں جبکہ انہوں نے اساتذہ کو آپس میں لڑانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اساتذہ کو بنیادی حقوق دینے کے لیے اساتذہ کے چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری دی جائے تاکہ اساتذہ بغیر کسی پریشانی کے قوم کے بچوں کو پڑھانا جاری رکھ سکیں۔