یوکرین پر حملوں میں روسی ہائپرسانک میزائل استعمال کیے جانیکا انکشاف

137

کیف(انٹرنیشنل ڈیسک) یوکرین نے کہا ہے کہ روس نے اس کے ایک اہم ائربیس پر ہائپر سونک میزائل داغ دیا ۔ یوکرین کی جانب سے کہا گیا کہ روسی ہائپرسونک میزائل نے یوکرین کے ایک بڑے ائربیس اسٹاروکوسٹینٹینیف کے علاقے کو نشانہ بنایا۔ یوکرینی فضائیہ نے یہ نہیں بتایا کہ حملے سے ان کا کوئی نقصان ہوا ہے، تاہم مقامی گورنر سرہی تیورین نے کہا کہ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ،تاہم انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا ۔ اس سے قبل روسی فوج نے دارالحکومت کو ڈرون اور ایک اور میزائل حملے کا بھی نشانہ بنایا تھا۔ اس سے قبل ہی ڈچ وزیر دفاع کا یہ بیان سامنے آیا تھا کہ نیدرلینڈز آنے والے مہینوں میں یوکرین کو مزید ایف 16طیارے فراہم کرے گا۔ حال ہی میں یوکرین نے مغرب کی لابنگ کے بعد ایف 16طیاروں کی ایک کھیپ حاصل کی ہے۔ یوکرین نے اپنے جنگی طیاروں کے ٹھکانے کو خفیہ رکھا ہوا ہے تاکہ انھیں روس کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں سے بچایا جا سکے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق یوکرینی فضائیہ اپنے نقصان کو ظاہر نہیں کیا کرتی، اس لیے یہ اعتراف بھی بڑا ہے کہ روسی میزائل آس پاس کے علاقے میں گرے۔ یوکرینی فضائیہ کا کہنا ہے کہ اس نے کیف کے علاقے میں 2روسی کھنزل میزائلوں کو مار گرایا جس کا ملبہ کیف کے 3اضلاع میں گرا۔ میزائل کا ملبہ گرنے سے ایک کثیر منزلہ رہائشی عمارت کی چھت اور سولومینسکی ضلع میں ایک سپر مارکیٹ کی چھت کو نقصان پہنچا۔