لیاقت آباد‘ناظم آباد ٹائونز کا فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلیے مظاہرہ

96
چیئرمینز لیاقت آباد‘ناظم آباد ٹائونز اسکولوںکے بچوں کے ہمراہ مظلوم فلسطینیوں کے حق میںمظاہرہ کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)لیاقت آباد ٹاؤن اور ناظم آباد ٹائون کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کے خلاف پرزور احتجاج۔چیئرمین لیاقت آباد ٹائون فراز حسیب اور چیئرمین ناظم آبادٹائون سید محمد مظفر کا مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور طلبا و طالبات کا اسکولوں میں فلسطینی بچوں سے اظہار یکجہتی۔ اس موقع پر چیئرمین لیاقت آباد ٹائون فراز حسیب نے کہا ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلم امہ یکجا ہوکر فلسطینیوں کے حق میں آواز اٹھائے اور عالمی طاقتیں اس ظلم اور جبر کو روکیں، چیئرمین ناظم آباد ٹائون سید محمد مظفر نے کہا کہ یہ عصر حاضر کی تاریخ میں انسانی دشمنی اور نسل کشی کی گھناؤنی مثال ہے۔ اتنی شہادتوں کے بعد بھی، اتنی تکالیف کے بعد بھی فلسطین کے غیور اور بہادر عوام اتنی تباہی کے بعد بھی لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ کے نعرے لگا رہے ہیں، ان کے جذبہ ایمانی میں کوئی کمی نہیں آئی۔ اللہ ان کے جذبے کو سلامت رکھے۔ فلسطین کے معاملے میں زبانی جمع خرچ کرنے کے بجائے عملی اقدام اٹھانے کی ضرورت ہے، وائس چیئرمین ناظم آباد ٹائون نعمان صدیقی نے کہا کہ اسرائیل روز اول سے ہی جنگی قوانین کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بے گناہ اور بے یار و مددگار فلسطینیوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ امت مسلمہ ایک ہوکر اقوام متحدہ پر دبائو ڈالے کہ وہ اس جنگ کے خاتمے کے لیے اقدامات کرے۔