سندھ ہائیکورٹ‘بجلی کے بلوں میں ٹیکس وصولی کیخلاف درخواست مسترد

88

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے بجلی کے بلوں میں ٹیکس وصولی کے خلاف درخواست مسترد کرتے ہوئے کہاکہ درخواست مسترد کرنے کی وجوہات بعد میں جاری کی جائیں گی۔ سندھ ہائیکورٹ میں بجلی کے بلوں میں ٹیکس وصولی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی جہاں عدالت کاکہناتھا کہ فنانس ایکٹ کے تحت ٹیکس کا نفاذ کیا جاتا ہے، آپ نے فنانس ایکٹ چیلنج کیا؟ کے الیکٹرک کے وکیل کاکہناتھا کہ ایڈوانس اِنکم ٹیکس دینے والے گھریلو صارفین پر نافذ نہیں ہوتا، اگر درخواست گزار ٹیکس ادا کرتے ہیں تو ہم سے رابطہ کرلیتے، بجلی ایک قابل فروخت شے ہے جس پر ٹیکس لگتے ہیں،فیول ایڈجسٹمنٹ تیل کی قیمتوں کے مطابق ریگولیٹ ہوتے ہیں۔ عدالت کاکہناتھا کہ فیول ایڈجسٹمنٹ کئی ماہ بعد ہوتے ہیں، اگر کوئی کرایہ دار ہے تو یہ اسکی حق تلفی ہے۔کے الیکٹرک کے وکیل کاکہنا تھا کہ لائسنسی مخصوص دورانیے کے لیے نیپرا سے فیول ایڈجسٹمنٹ مانگتا ہے۔ درخواست گزار کا موقف تھا کہ نیپرا درخواست کا جائزہ لیکر فیول ایڈجسٹمنٹ طے کرتا ہے۔