بجلی ریٹ کم کرنے پر رضامند چینی آئی پی پی کے انجینئرز کو کراچی میں نشانہ بنایا گیا‘وفاقی وزیر خزانہ

155
اسلام آباد،وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب الواریز اینڈ مارسل کے ساورن مشاورتی خدمات کے منیجنگ ڈائریکٹر رضا باقر سے ملاقات کررہے ہیں

اسلام آباد (آن لائن+ مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ کراچی میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے چینی انجینئرز چائنیز آئی پی پی سے منسلک تھے اور انہی انجینئرز سے ٹیرف میں کمی سے متعلق وزارت خزانہ اور وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری مذاکرات کر رہے تھے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ چینی انجینئرز سے ٹیرف میں کمی کے لیے قرض کی ری پروفائلنگ پر بات ہورہی تھی، یہ وہ چائنیز آئی پی پی ہے جس نے حکومت سے بات چیت میں مثبت جواب دیا تھا، چینی بھائیوں کے جانی نقصان کی کوئی قیمت نہیں لگائی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنے والے مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کا راستہ اپنائیں معاشی استحکام کے لیے کیے گئے اقدامات کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں اور مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پر آگئی ہے۔ ہڑتالوں کے ملکی معیشت پر گہرے اثرات پڑتے ہیں، ہڑتال کرنے والے اپنے مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کریں کیونکہ ایک دن کی ہڑتال سے ملکی معیشت کو 190 ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے۔محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آئندہ پالیسی ریٹ میں مزید کمی کا امکان ہے، آنے والے دنوں میں مہنگائی مزید کم ہوگی،اقتصادی ڈھانچے میں اصلاحات کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ روپے کی قدر میں بھی مزید بہتری آرہی ہے، پالیسی ریٹ میں بھی خاطر خواہ کمی آئی ہے،معیشت کے استحکام کے لیے کام جاری ہے، ہم بڑی محنت سے ملک میں معاشی استحکام لے کر آئے ہیں۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ہڑتالوں اور احتجاج سے معیشت پر منفی اثرات پڑتے ہیں، ہڑتال یا احتجاج سے بہت سے شعبے براہ راست متاثر ہوتے ہیں، کاروبار بند ہونے سے معیشت کو نقصان ہوتا ہے۔محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ احتجاج کے باعث اسلام آباد میں 8 لاکھ سے زاید افراد متاثر ہوئے ہیں، احتجاج کرنے والے ٹیبل پر بیٹھ کر بات کریں اور مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کریں۔