وزیراعظم سے پیپلز پارٹی کے وفد کی ملاقات، اہم امور پر بات چیت

80

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف سے پیپلز پارٹی کے وفد نے ملاقات کی ہے، جس میں اہم امور پر بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان  کے مطابق پیپلز پارٹی کے ملاقات کے لیے آنے والے وفد میں رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر، سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن شامل تھے جب کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزرا سے پی پی پی وفد کی ملاقات کے دوران اہم قومی اور سیاسی امور پر گفتگو ہوئی اور گزشتہ روز آل پارٹیز کانفرنس اور ملک میں جمہوریت کے استحکام کے حوالے سے صدر مملکت آصف علی زرداری کے کردار کی تعریف کی گئی۔

ملاقات میں فلسطینیوں کی پاکستان کی جانب سے امداد کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی اور کہا گیا کہ فلسطینیوں کی امداد کے لیے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں تمام سیاسی جماعتوں کی شمولیت خوش آئند ہے۔

وزیراعظم اور پی پی پی وفد نے دوران گفتگو کہا کہ پوری پاکستانی قوم اسرائیلی ظلم و بربریت کے شکار اپنے نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کی مدد کے لیے متحد ہے۔