بحیرہ عرب میں طاقتور طوفان کی پیش گوئی

141

اسلام آباد: نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کی ابتدائی وارننگ کے مطابق بحیرہ عرب میں موجودہ نظام کے ساحلی طوفان میں تبدیل ہونے کا امکان بڑھ گیا ہے ۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی  کے ترجمان کے مطابق ممکنہ طوفانی نظام اس وقت بھارت کے لکشدیپ وادی کے قریب موجود ہے اور غالباً شمال مغربی سمت کی جانب بڑھ رہا ہے۔

ابتدائی پیش گوئی کے مطابق، اس کی رفتار اور شدت کے لحاظ سے یہ نظام اکتوبر 2024 کے تیسرے ہفتے میں پاکستانی ساحلی پٹی کو متاثر کر سکتا ہے۔

ترجمان کے مطابق ممکنہ طوفان پاکستان کے ساحلی علاقوں کو متاثر کرے گا، جس سے ساحلی علاقوں کے رہائشی اور متعلقہ ادارے متاثر ہو سکتے ہیں۔ ساحلی علاقوں کے رہائشیوں کو صورتحال، تازہ ترین معلومات اور ہدایات کے بارے میں آگاہ رہنا چاہیے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی مسلسل متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے تاکہ کسی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔